بھارت نے خطے کا امن خطرے میں ڈالا :خرم دستگیر

بھارت نے خطے کا امن خطرے میں ڈالا :خرم دستگیر

گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر )سابق وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ہم دنیا کو بتائیں گے کہ بھارت نے پاکستان پر جوہری صلاحیت والے میزائل داغ کر خطے کا امن خطرے میں ڈالا،جنرل عاصم منیر جب تک آرمی چیف ہیں تب تک ہی فیلڈ مارشل بھی رہیں گے ۔

وفد سے گفتگو میں سابق وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ جو بھارت نے غیر ذمہ دارانہ اقدام کیا ہے وہ یہ تھا کہ 10 مئی کی صبح بھارت نے پاکستان پر بیلسٹک میزائل داغے تھے ،جو جوہری ہتھیار اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں بھارت تو اس کو اپنی طاقت سمجھ رہا تھا لیکن ہم نے دنیا کو بتانا ہے کہ یہ ایک غیر ذمہ دارانہ اقدام تھا،پاکستان کو تو انٹیلی جنس اطلاعات تھیں لیکن پھر بھی کون جانتا تھا کہ بھارت اس میزائل کے ذریعے جوہری ہتھیار پھینک سکتا تھا۔انجینئر خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے بعد سٹریٹیجیک لینڈ سکیپ میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور اس تبدیلی سے پاکستان بڑے فوائد حاصل کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جنگ صرف بندوقوں سے نہیں لڑی جاتی بلکہ آج کا دور میڈیا وار،معاشی وار اور سفارتی وار کا ہے ۔یہاں مختلف شعبوں اور جہتوں میں لڑائیاں لڑی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان نے خود سے 10 گنا بڑے ملک انڈیا کو شکست دی۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا حیران ہے کہ پاکستان نے چائینیز ٹیکنالوجی کے ساتھ یورپی ٹیکنالوجی رکھنے والے انڈیا کا برا حال کر دیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں