ڈسکہ:گلیوں میں جانوروں کی آ لائشوں ،کوڑے کے ڈھیر
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار)ڈسکہ کے شہریوں کو عیدالاضحی کے موقع پر ستھرا پنجاب کی ہیلپ لائن 1139بھی ریلیف فراہم نہ کرسکی،۔۔۔
قربانی کے جانوروں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کے متعلق اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کو آگاہ کرنے کے باوجودکوئی شنوائی نہ ہوئی۔ ڈسکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے انتظامیہ کی طرف سے 1139ہیلپ لائن دی گئی تھی کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین جن علاقوں میں نہیں پہنچ سکتے شہری اس ہیلپ لائن پر کال کریں ان کو فوری ریلیف فراہم کیاجائیگا اوراس علاقہ کی صفائی ستھرائی بھی کرائی دی جائیگی ۔عیدالاضحی کے تینوں دن شہر کے ہر گلی محلہ میں قربانی کے جانوروں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے رہے ، علی الصبح سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین ہر گلی محلہ میں آئے اور گھروں سے عید اکٹھی کرکے چلے گئے دوبارہ انہوں نے ان گلی محلوں کا رخ نہ کیا، شہریوں نے گلی محلوں میں پڑے ہوئے قربانی کے جانوروں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کے متعلق ستھرا پنجاب کی ہیلپ لائن 1139پر بھی کالیں کیں مگر کوئی ریلیف نہ ملا۔ ریلیف نہ ملنے پر شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کوبھی اس بارے آگاہ کیا مگر وہاں پر بھی کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ شہریوں نے عیدالاضحی کے تینوں دن قربانی کے جانوروں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ کی بدبومیں گزارے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔