کٹلری ایسوسی ایشن بجٹ میں تجاویز مسترد ہونے پر مایوس

کٹلری ایسوسی ایشن بجٹ میں تجاویز مسترد ہونے پر مایوس

وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)چیئرمین پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن وزیرآباد جمال بھٹہ کی زیر صدارت دفتر پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن وزیرآباد میں عہدید اروں اور۔۔۔

 سینئر ممبران کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، ایکسپورٹ اورینٹڈ مقامی صنعتوں کو نظرانداز کرنے پر وفاقی بجٹ کو مسترد کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر وائس چیئرمین حبیب اللہ چودھری، وائس چیئرمین الیاس خان، ایگزیکٹو باڈی ممبران اور سابق چیئرمینز اور سینئر اراکین خالد مغل مہر شکیل، اعظم،ظفر اقبال بھٹہ، ندیم احمد وڑائچ،مرزا امان اللہ،عدنان جاوید سنڈل اور مقامی کٹلری صنعتوں سے وابستہ ارکان نے بھی شرکت کی ۔ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جمال بھٹہ نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں پاکستان کی لائٹ انجینئرنگ ایکسپورٹ انڈسٹری اور بالخصوص کٹلری سیکٹر کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو نظر انداز کیا گیا ہے جس سے پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن وزیر آباد کے ممبران اور پوری کاروباری برادری میں شدید مایوسی اور دکھ پایا جاتا ہے ۔ سینئر اراکین نے کہا کہ کئی ماہ سے تجاویز تحریری طور اور زبانی متعلقہ اداروں کو بھیج رہے ہیں ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ کٹلری مصنوعات کی ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لیے وفاقی بجٹ میں سابقہ مراعات کو بحال رکھیں گے اور مقامی کٹلری صنعتو ں کو سمال انڈسٹریل اسٹیٹ وزیر آباد میں جلد منتقل کرنے کے لیے وفاقی حکومت بھی سپورٹ فراہم کرے گی لیکن افسوس ہے کہ ہمارے تمام مطالبات کو یکسر نظر انداز کیا گیا اور بجٹ میں مزید ایسے اقدامات شامل کیے گئے ہیں جو مقامی کٹلری انڈسٹری کی بقا اور ایکسپورٹ کیلئے صحیح نہیں ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں