گوجرانوالہ میں فعال ڈرائی پورٹ کا قیام ناگزیر:صدر چیمبر

گوجرانوالہ میں فعال ڈرائی پورٹ کا قیام ناگزیر:صدر چیمبر

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام ڈرائی پورٹ منصوبے کی تیز تر تکمیل کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

 جس کی صدارت صدر چیمبر رانا صدیق خاں نے کی۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر احمد نوید رانجھا، نائب صدر چودھری محمد یوسف، سابق صدر عاصم انیس، سابق سینئر نائب صدر آفاق ایوب، سینئر رہنما فرخ اعجاز، ایگزیکٹو ممبران میاں عتیق الرحمٰن، سعد عرفانی سمیت دیگر معزز و سینئر اراکین شریک ہوئے ۔اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں،بشمول انفراسٹرکچر کی منصوبہ بندی، کارگو ہینڈلنگ کی استعداد، علاقائی رابطے اور تجارتی نمو - پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے دوران مختلف قومی و بین الاقوامی کمپنیوں سے ابتدائی مشاورت اور رابطے کیے گئے تاکہ عملی کام کا جلد آغاز ممکن بنایا جا سکے ۔صدر گوجرانوالہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں مکمل فعال ڈرائی پورٹ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے جو نہ صرف برآمدات کے اخراجات کم کرے گا بلکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کو جدید تجارتی مرکز میں تبدیل کیا جا سکے گا جہاں صنعتکاروں اور تاجروں کو بین الاقوامی معیار کی لاجسٹک سہولیات میسر ہوں گی۔چیمبر قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس منصوبے کو ہر صورت میں پا یہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور اس کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں