2لاکھ 33ہزار صارفین گیپکو کے ناہندہ: 2ارب78کروڑ روپے واجب ادا

2لاکھ 33ہزار صارفین گیپکو کے ناہندہ: 2ارب78کروڑ روپے واجب ادا

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)رواں مالی سال کے اختتام پرگیپکوافسر وں کیلئے ریکوری ٹارگٹ پورا کرنا چیلنج بن گیا۔۔۔

 گیپکونے ہزاروں صارفین کیلئے اقساط اورتاریخ میں توسیع پر پابندی عائد کردی،صارفین دفاتر کے چکر کاٹنے لگے ، 2 لاکھ 33ہزار سرکاری وغیر سرکاری پرانے نادہندگان سے واجبات کی ریکوری کیلئے افسروں کو ٹاسک سونپ د ئیے ، ہیڈ کوارٹرز میں تعینات افسر وں کو بھی فیلڈ میں بھجوادیاتاہم ابتدائی مرحلہ میں واجبات کی عدم ادائیگی پر2200 نادہندگان کے کنکشنز منقطع کرد ئیے گئے جبکہ ایکسینز اور ایس ڈی اوز کو 28 جون تک اپنے اپنے علاقوں میں 100 فیصد ریکوری کا الٹی میٹم دے دیا گیا، سرکاری محکموں اور پرائیویٹ افراد کے ذمہ گیپکو کے 2ارب78کروڑ روپے کے واجبات ہیں جس کیلئے وزارت پاور ڈویژن کی ہدایت پر گیپکو نے تمام سرکلوں اور ڈویژنوں کے افسروں کو 105 فیصد ریکوری کا ہدف دے دیا،غفلت کے مرتکب ایکسین اور ایس ڈی اوز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ نادہندگان میں سب سے زیادہ گھریلو صارفین کی تعداد ڈیڑھ لاکھ کے قریب ہے دیگر نادہندگا ن میں کمرشل ،انڈسٹریل ،ٹیوب ویل اور سرکاری ادارے بھی شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ ایک ماہ تا3 ماہ تک کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق گیپکو نے گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں40لاکھ سے زائد صارفین کو ماہانہ یونٹس استعمال کرنے پر مجموعی طور پر11 ارب روپے سے زائد کے بل جاری کئے گئے جن میں سے 2 لاکھ33ہزار صارفین نے ذمہ واجبات کی ادائیگی نہیں کی جس کے باعث 2ارب78کروڑ روپے کی ریکوری نہ ہوسکی ،مالی سال کے آخری ماہ میں گیپکو نے نادہندگان کو واجبات کی ادائیگی کیلئے وارننگ جاری کر دی ۔سرکاری اداروں ایف آئی اے ،پولیس ،صحت ،تعلیمی ادارے ،واسا ،بلدیاتی ادارے ،ضلعی انتظامیہ ،فشریز ،جنگلات، بلدیاتی اداروں سمیت دیگر محکموں کے ہزاروں کنکشنز کے ذمہ کروڑوں روپے کے واجبات کی ادائیگی نہ ہوسکی ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں