صنعتی ترقی کیلئے بجٹ میں ترامیم کے حامی ہیں :احمد چٹھہ

وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ممبر قومی اسمبلی اور صدر سینٹرل پنجاب تحریک انصاف محمد احمد چٹھہ نے چیئرمین پاک کٹلری کنسورشیم وزیرآباد خالد مغل سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ۔۔۔
انہوں نے اپنی پارٹی کی ہدایت پر قومی اسمبلی میں وزارت خزانہ کی طرف سے پیش کیے جانے والے موجودہ وفاقی بجٹ میں ان ترامیم کی حمایت کی ہے جو گولڈن اکنامک ٹرائی اینگل سٹیز گوجرانوالہ،وزیر آباد، گجرات اور سیالکوٹ میں واقع مائیکرو اینڈ سمال انٹرپرائزز مقامی صنعتوں کی ترقی کیلئے ضروری ہیں ان میں 2021 میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر نگرانی بنائی جانے والی آسان صاف کریڈٹ گارنٹی سکیم بھی شامل ہے جس کی حد کو 30 ملین روپے تک بڑھانے کی تجویز دی ہے تاکہ چھوٹی صنعتو ں کی پیداواری صلاحیت کو تقویت ملے ۔خالد مغل نے کہا کہ مائیکرو اینڈ سمال انٹرپرائزز کٹلری کلسٹر وزیرآباد کی ایکسپورٹ اور پیداواری صلاحیت مسلسل نیچے جا رہی ہے اس کی سب سے بڑی وجہ موجودہ صوبائی و وفاقی حکومتوں کی مقامی کٹلری سیکٹر وزیرآباد کی ایکسپورٹ صلاحیت کو نظر انداز کرنا ہے ان حالات میں ضلع وزیر آباد کے عوام اور تمام کاروباری برادری مل کر اپنے قومی اسمبلی کے نمائندے ضلع وزیر آباد کی گولڈن اکنامک ٹرائی اینگل سٹیز کی چھوٹی صنعتوں اور چھوٹے کسانوں کے حقیقی مسائل کو اجاگر کرنے پر بے حد شکر گزار ہیں۔