سیالکوٹ ٹیکس بار نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیدیا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیالکوٹ ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر حامد حسن،جنرل سیکرٹری شیراز اسلم چودھری نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیا ہے۔۔۔
وفاقی بجٹ صنعتکاروں اور تاجروں کو مجرم بنانے والا بجٹ ہے جس میں صنعتکاروں، تاجروں او ر عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا بلکہ سخت قوانین بنا کر صنعتکاروں اور تاجروں کو مجرم بنانے والا بجٹ پیش کیا گیا ہے جو تشویشناک ہے ،بجٹ سے کاروباری افراد شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور ٹیکس وکلا میں بھی تشویش پائی جاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر حامد حسن نے جنرل ہاؤس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انکم ٹیکس آرڈنینس میں مجوزہ ترمیم پر چیئرمین انکم ٹیکس کمیٹی ثاقب جاوید اور اور سیلز ٹیکس ایکٹ میں مجوزہ ترمیم پرچیئرمین سیلز ٹیکس کمیٹی تفہیم اعجاز خان نے بریفنگ دی۔اجلاس میں سینئر نائب صدر پاکستان ٹیکس بار ارشد نواز مان، سابق صدور حاجی عبدالقیوم ،شاہد محمود ، وسیم ارشد،سابق جنرل سیکرٹریز کے علاوہ وکلا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جنرل سیکرٹری شیراز اسلم نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں نئے قوانین پر حکومت کو تجاویز پیش کریں گے ۔