رینجرز کی کارروائی،ٹوپی گینگ کے 7ملزمان گرفتار
ملزمان 2018سے ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث پستول ، 8عدد موبائل فون اور نقدی برآمدکر لی گئی،ترجمان سندھ رینجرز
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کورنگی سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل چوری اور جیب تراشی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ٹوپی گینگ کے 7ملزمان محمد ظفر ولد محمد اسلم ساجن ولد سانگی خان، محمد وقار ولد غلام رسول، دانیال ولد محمد اسحاق، شاہ زیب ولد محمد بابر، شاہد ولد محمد شفیع اور محمد اسماعیل ولد محمد شفیع کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے ایک عدد بغیر لائسنس پستول بمعہ گولیاں، 2 عدد کھلونا پستول، 8 عدد موبائل فون اور نقدی برآمدکر لی گئی۔ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق گرفتار ملزمان 2018 سے ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل چوری، موٹر سائیکل چھیننے اور جیب تراشی کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔گرفتار ملزمان سندھ بھر میں 900 سے زائد وارداتوں میں ملوث ایک منظم گینگ کا حصہ ہیں۔ گرفتار ملزمان کا نیٹ ورک اندرون سندھ، سکھر اور کندھ کوٹ، روہڑی کے علاوہ کراچی کے مختلف علاقوں قائد آباد، بھینس کالونی، منزل پمپ اور بلال کالونی سمیت بڑے روڈوں پر مسافروں کو لوٹنا، ڈکیتیاں کرنا، اسٹر یٹ کرائمز اور گھروں میں ڈکیتیاں کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کراچی شہر میں چلنے والی بسوں میں مسافروں سے جیب تراشی کے متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ ملزم محمد ظفر کو ڈکیتی کی واردات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے ۔