زرعی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات بے مثال :سائرہ تارڑ
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )وزیراعلیٰ کی کوآرڈی نیٹرو ایم این اے سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ۔۔۔
شعبہ زراعت کی ترقی کسانوں اور زمینداروں کی خوشحالی کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب نے جو اقدامات کیے ماضی میں اسکی کوئی مثال نہیں ملتی ،گرین ٹریکٹر سکیم ، کسان کارڈ ،کھادوں اور زرعی آلات پر سبسڈی کی فراہمی سے جہاں پنجا ب کے شعبہ زراعت نے ترقی کی تو وہی کسانوں کو بہت بڑا ریلیف ملا ،گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت پنجاب بھر میں10ہزار جبکہ حافظ آباد میں 188ٹریکٹر تقسیم کیے گئے ۔زمینداروں ، کسانوں میں سبسڈی پر 417سپر سیڈرمشینیں تقسیم کی گئیں اور خوش آئند بات ہے کہ کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو ملنے والا98فیصد قرض واپس جمع کر ا دیا گیا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کسانوں میں مفت ٹریکٹر تقسیم کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ، مسلم لیگ ن کے رہنما میاں حیدر عباس بھٹی ، ڈائریکٹر زراعت عرفان اﷲ وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یوسف ، ڈاکٹر محمد وقاص ، زراعت آفیسر فراز احمد سمیت دیگر افسر اور کسانوں کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی ۔ تقریب کے اختتام پر سائرہ افضل تارڑ اور ڈپٹی کمشنر نے کسانوں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کی ۔