واقعہ کربلا باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس:پیر دائود
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)شہادتِ امام حسینؓ امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے ،واقعہ کربلا باطل کے سامنے ڈٹ جانے اور حق بات کہنے کا حوصلہ دیتا ہے۔
نواسہ رسول سیدنا امام حسینؓ اپنے نانا کے دین اسلام کی پیروی میں وقت کے ظالم و جابر حاکم کے خلاف ڈٹ گئے ، انہوں نے حق و صداقت اور جرت و شجاعت کی وہ بے مثال تاریخ رقم کی جس پر انسانیت ہمیشہ فخر کرتی رہے گی ،شہدا ئے اسلام کی قر بانیاں امت کو رواداری اخوت اور اتحاد ،صبرو ایثار کا درس دیتی ہیں ،امام حسینؓ اور دیگر شہدائے کرام کا کردار ہمارے لئے مشعل راہ ہے ، آج کردار حسینؓ کو عام کر نے کی ضرورت ہے ، قیامت کے دن تک شہدائے اسلام وشہدائے کربلا کا کردار زندہ رہے گا، اسلام کے نفاذ کے بغیر ملک بحرانوں سے آزاد نہیں ہو سکتا ، واقعہ کر بلا ہمیں معاشرے میں حق کیلئے جدوجہد کر نے اور امت کومتفق کر نے کا درس دیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت رضائے مصطفی کے امیر صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی نے جامع مسجد انوارالمساجد پاپولر نرسری میں سالانہ محفل سید الشہدا امام حسین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدی کے خلاف جہاد کو تا قیامت حسینی کردار سے تعبیر کیا جائے گا،امام حسینؓ نے یزید کی بیعت سے انکار کر کے حسینیوں کو اپنے عہد کے یزیدیوں کے سامنے کردار ادا کرنے کا سبق دیا۔ اس موقع پر مولانا حافظ محمد رفیق قادری، سابق ایم پی اے حاجی وقار احمد چیمہ ، رانا محمد سلیم ، چودھری محمد مدثر بٹر، ، مولانا اکبر نقشبندی، زاہد حبیب قادری، صاحبزادہ حافظ محمد ظہیر احمد جماعتی ، صاحبزادہ مولانا محمد غوث رضا قادری، علامہ حافظ محمد بشیر احمد جلالی، صاحبزادہ حافظ محمد احمد نورانی و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا ۔