سید مودودی عصرِ حاضر کے عظیم مفکر،منعم ظفر خان
کمیونزم کے انجام کی پیش گوئی برسوں بعد حرف بہ حرف درست ثابت ہوئیامیر جماعت اسلامی کراچی کا عالمی کتب میلے کا دورہ ، ریڈ مودودی ایپ کا افتتاح
کراچی (این این آئی) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ایکسپو سینٹر کراچی میں 5روزہ عالمی کتب میلے کے تیسرے روز دورہ کیا، ’’ریڈ مودودی ایپ ‘‘ کا افتتاح کیا اور مختلف اسٹالوں کا جائزہ لیا ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سید ابو الاعلیٰ مودودی عصرِ حاضر کے عظیم مفکر تھے ،جن کی فکر دورِ رس اور مستقبل بین تھی۔ سید ابو الاعلیٰ مودودی نے اُس دور میں، جب کمیونزم کا طوطی بولتا تھا۔ یہ کہا کہ ایک وقت آئے گا جب کمیونزم کو ماسکو میں پناہ نہیں ملے گی اور تاریخ نے ثابت کیا کہ برسوں بعد یہ پیش گوئی حرف بہ حرف درست ثابت ہوئی۔
منعم ظفر نے عالمی کتب میلے کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف شہر میں کتب میلہ جیسی خوبصورت اور مثبت سرگرمی ہو رہی ہے جو علم، ادب اور کتاب سے تعلق کو مضبوط کرتی ہے اور حقیقت یہ ہے کہ کتاب سے دوستی کا کوئی نعم البدل نہیں لیکن دوسری جانب ہم اسی شہر کی ابتر حالت بھی دیکھ رہے ہیں۔ کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے ، ریڈ لائن کے نام پر پورا یونیورسٹی روڈ کھود دیا گیا ہے ، 26 کلومیٹر طویل یہ منصوبہ اور انڈر پاسز سالہا سال سے ادھورے پڑے ہیں جن کے مکمل ہونے کی کوئی واضح تاریخ موجود نہیں، حکمرانوں اور ریاست شہریوں کو بنیادی سہولت فراہم کریں، ان کیلئے مشکلات پیدا نہ کریں۔