کسی کے والد صاحب کی میئر شپ نہیں جواستعفیٰدوں، مرتضیٰ وہاب

 کسی کے والد صاحب کی میئر شپ نہیں جواستعفیٰدوں، مرتضیٰ وہاب

منافقین جل سکتے ہیں مگر کچھ نہیں کر سکتے ، ہم اپنے کام سے ہی منافقت کو ایکسپوز کریں گے ،مگرمچھ کے آنسو بند کیے جائیںاحتجاج کرنا ہے تو دفاتر میں بیٹھ کر کریں، سڑکیں کسی کے والد کی جاگیر نہیں،میئر،ضلع وسطی میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی نیو کراچی ٹاؤن میں کے ڈی اے کے تعاون سے خمیسو گوٹھ میں 20 کروڑ روپے کی اسکیم کا افتتاح اور نارتھ کراچی ٹاؤن میں واقع یو سی 1 تا 5کے لیے پمپنگ اسٹیشنز کے لیے 20 کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سے سنگ بنیاد رکھ دیا، جس میں نکاسی آب کی بحالی ،سڑک کی تعمیر سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح اور نارتھ کراچی ٹاؤن میں واقع یو سی 1 تا 5کے لیے جدید واٹر پمپنگ اسٹیشن کھوجا اجمیر نگری اور الاحمدواٹر پمپنگ اسٹیشن کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد شامل ہے ۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نیو کراچی ٹاؤن یوسی6 ،خمیسو گوٹھ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 20 کروڑ روپے کی لاگت سے چھ ہزار فٹ سیوریج لائن بحال کی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 90 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر پیور بلاکس لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا، منافقین جل سکتے ہیں مگر کچھ نہیں کر سکتے ، ہم اپنے کام سے ہی منافقت کو ایکسپوز کریں گے ،سڑکوں کو بلاک کر کے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کون سے مسائل حل کیے جا رہے ہیں، احتجاج کرنا ہے تو دفاتر میں بیٹھ کر کریں، کراچی کی سڑکیں کسی کے والد صاحب کی جاگیر نہیں ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ مگرمچھ کے آنسو رونا بند کیا جائے ، کراچی کے نو ٹاؤن پر قبضہ کر رکھا ہے اور پھر عوامی ہمدردی کا ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو جماعت حکومت کا حصہ ہے اسے سڑکوں پر احتجاج کرنے کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے چاہئیں، میئر کراچی نے واضح کیا کہ کسی کے والد صاحب کی میئر شپ نہیں ہے کہ وہ استعفیٰ دے دیں، وہ عوامی مینڈیٹ کے تحت کام کر رہے ہیں،ہمارے ٹاؤن میں جا کر جھنڈے لگائے جاتے ہیں جبکہ ایک شخص لاہور بھاگ گیا ہے ،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں اصل مسئلہ ڈھکن رکھنا نہیں بلکہ ڈھکن کی حفاظت کرنا ہے جس کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی مؤثر اقدامات کر رہی ہے ۔بعدازاں میئر کراچی نے زیرِ تعمیر کریم آباد انڈرپاس کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو تیز کر کے منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں