ڈی جی پی ڈی ایم اے کا دورہ‘چناب کی صورتحال کا جائزہ
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے ، کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر کا دورہ دریائے چناب کا دورہ مون سون بارشوں سے دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے ہمراہ دریائے چناب کا دورہ کیا اور مون سون بارشوں سے دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر پانی کی آمد اور اخراج کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ قبل ازیں انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سنٹر / ضلعی کنٹرول روم گجرات میں نالوں اور ڈرینز کی صفائی سے متعلق انتظامی اقدامات بارے بریفنگ لی جس میں اربن و دریائی سیلاب کی مینجمنٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا۔ نالوں کی ڈی سلٹنگ، مشینری کی دستیابی اور عملے کی تعیناتی پر انہیں بریفنگ دی گئی۔کمشنر نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/وزیرآباد و گجرات نوید احمد نے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کو بتایا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزیرآباد ،گجرات میں ضلعی سطح پر تمام تر اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں،دورہ کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل گجرات، ایکسین محکمہ انہار، ڈرینیج، ریسکیو 1122 کے افسر بھی ہمراہ تھے ۔