بارشوں، اوورلوڈ گاڑیوں کے باعث سڑکیں برباد
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)حالیہ مون سون بارشوں کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے اور لوڈر گاڑیوں کے باعث اربوں روپے سے تیار سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگیں ،مختلف جگہوں پر گڑھے بننے سے حادثات میں اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈمپر، ٹرک ،ٹرالیاں ،ٹرالے ،لوڈر اور دیگر بڑی گاڑیاں کو سڑک پر آنے سے قبل سرکاری کانٹوں سے وزن کرانا ہوتا ہے تاکہ مقرر کردہ وزن کے حساب سے ہی یہ گاڑیاں سفر کرسکیں ،گوجرانوالہ میں دیہات کی طرف جانے والی سڑکوں پر بھاری گاڑیاں رواں دواں ہیں جنہوں نے سرکاری کانٹوں سے وزن نہیں کرایا ہو تا ، بارشوں کے باعث پانی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے وزن والی گاڑیاں گزرتی ہیں تو سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں ،اندرون شہر جی ٹی روڈ بھی حالیہ بارشوں اور وزن والی گاڑیوں کے باعث مختلف جگہوں سے ٹوٹ رہی ہے ۔ بغیر کانٹے کی رسید کے روڈ پر آنے والی گاڑیوں کو چیک نہیں کیا جاتا ان گاڑیوں کے ڈرائیورز کے پاس جعلی کانٹے کی رسیدیں ہو تی ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ اوورلوڈد او ربغیر کانٹے کے رسید والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی روزانہ ہو رہی ہے ،روڈ سیفٹی پروگرام پر سختی سے عملدر آمد کرایا جا رہا ہے ، شہر میں داخل ہونے والی ہر کمرشل گاڑی کو چیک کیا جاتا ہے ۔