ڈسکہ :بارش سے سڑکیں ،گلیاں ،ندی نالوں میں تبدیل

ڈسکہ :بارش سے سڑکیں ،گلیاں ،ندی نالوں میں تبدیل

ڈسکہ (نامہ نگار ) ڈسکہ اور نواح میں ایک گھنٹے کی موسلا دھار بارش نے سڑکیں ،گلیاں ،ندی نالوں میں تبدیل کردیں ،شہریوں نے صوبائی وزیر بلدیات سے سڑکوں سے گزرنے کیلئے کشتیاں فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔

 گزشتہ روز صبح سویرے موسلا دھار بارش نے گرمی کی شدت کو کم کردیا لیکن بارش نے مقامی انتظامیہ کی نااہلی اور نالائقی کا پول بھی کھول کر رکھ دیا ،بارش کے بعد ڈسکہ کی تمام مین سڑکیں ،بینک روڈ ،وڈالہ روڈ ،نسبت روڈ ،ڈسکہ کلاں ،سمبڑیال روڈ ،پرانی کچہری و دیگر گلی محلوں کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا جس کی وجہ سے شہریوں کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ موسم برسات سے قبل نالوں اور سیوریج کی صفائی نہیں کرتی جس کی وجہ موسم برسات میں سارا سارا دن سڑکوں پر پانی کھڑا رہتا ہے اس بار تعمیر کے نام پر سڑکیں اکھاڑ کر رکھ دی گئی ہیں اور ان سڑکوں پر پانی کھڑا ہو نے کی وجہ سے گزرنے میں دشوار ی پیش آرہی ہے اور اکثر موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے حادثے کا شکار ہو کر زخمی ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے صوبائی وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا کہ ڈسکہ کی سڑکوں کوتوڑ پھوڑ کر دریاؤں میں تبدیل کرنے کے بعد عوام کو گزرنے کیلئے کشتیاں فراہم کی جائیں تاکہ حلقہ کے ووٹرز کو گزرنے میں آسانی ہو۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں