علی پورچٹھہ:رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، سفر دشوار
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )تحصیل بھر کی رابطہ سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر نے لگیں ۔ تحصیل علی پورچٹھہ کی متعدد رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر کھنڈرات بن گئی ہیں۔۔۔
جس سے یونین کونسل جامکے چٹھہ، پنڈوری کلاں، حضرت کیلیانوالہ، سید نگر، ورپال چٹھہ سمیت بیسیوں دیہات کے مکینوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے ۔ کہیں کئی کئی فٹ گہرے گڑھے ہیں تو کہیں40سال پرانے اینٹوں کے سولنگ آج پگڈنڈیوں کا منظر پیش کر رہے ہیں، حادثات معمول بن چکے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے بھی یہ سازگار ماحول بن گیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں بروقت طبی امداد کا پہنچنا ناممکن اور معمول کا سفر بھی گھنٹوں پر محیط ہو گیا ہے ۔ علی پورچٹھہ بائی پاس روڈ جو 2005 میں بھاری ٹریفک کو شہر سے باہر رکھنے کے لیے بنایا گیا تھا، وہ بھی پھاٹک کی عدم موجودگی اور اب ریلوے کراسنگ کے بعد کھنڈرات میں بدل چکا ہے ۔ رسولنگر روڈ اور جامکے چٹھہ سمیت متعدد لنک روڈز ناقص میٹریل، بھاری ٹریفک اور حکومتی عدم توجہ کے باعث بربادی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔شہریوں اور مقامی عمائدین نے وزیر اعلیٰ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اقدامات اٹھا کر سڑکوں کی مرمت اور نئے سرے سے تعمیر کرائی جائے تاکہ شہریوں کو اذیت ناک سفر سے نجات مل سکے ۔