سیالکوٹ :صفائی کمپنی کی غفلت،جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر
سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی غفلت ولاپروا ئی سے جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، بدبو کی وجہ سے علاقہ مکینوں کا جینا محال،متعدد بار شکایات کے باوجود صفائی ستھرائی کے انتظامات انتہائی نامناسب۔۔۔
شکایت نمبر پر بار بار کال کرنے کے باوجود کوئی رسیو نہیں کرتا۔ شہاب پورہ، حاجی پورہ، فتح گڑھ، خادم علی روڈ، پیرس روڈ، دارہ آرائیاں، مجاہد روڈ، لہائی بازار سمیت متعدد علاقوں میں سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی غفلت سے سیوریج اور برساتی نالوں کی صفائی کے دوران نالوں سے نکلنے والی گندگی کے ڈھیر شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے ۔ میٹروپولٹین کارپوریشن کی جانب سے نالوں کی صفائی نہ ہونے اور ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کوڑ ا کرکٹ سٹرکوں کے کناروں پر نہ اٹھانے سے ڈھیر لگ گئے ۔ نالوں کی صفائی کے سلسلے میں سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں صفائی کی اور نالوں سے نکلنے والی گندگی کو سٹرکوں کے کناروں پر پھینک دیا نہ تو میٹروپولیٹن کارپوریشن اور نہ ہی سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے گندگی کو مناسب اندازمیں ٹھکانے لگایا جسکے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے فیصلہ نہیں کیا جاسکا کہ نالوں سے نکلنے والی گندگی کون اٹھائے گا ۔