26ویں آئینی ترمیم اور قانون کی حکمرانی پر وکلا کا سیمینار

26ویں آئینی ترمیم اور قانون کی حکمرانی پر وکلا کا سیمینار

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حافظ آباد کے زیراہتمام 26ویں آئینی ترمیم اور قانون کی حکمرانی کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے نامور وکلا اور بار نمائندگان نے شرکت کی۔

 تقریب میں سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار مقصود بٹر، چیف آرگنائزر آئی ایل ایف پاکستان انتظار حسین پنجوتھہ، سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار راجہ جاوید اقبال، صدر لاہور ہائیکورٹ بار ملک آصف نسوانہ، سابق نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ربیعہ باجوہ، صدر ڈسٹرکٹ بار حافظ آباد عثمان افضل چٹھہ، سیکرٹری بار علی رضا بھٹی، سابق صدر بار شعیب بھٹی سمیت دیگر معزز وکلا نے اظہارخیال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقصود بٹر نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے وکلا برادری کو سنجیدہ مکالمے اور فکری بصیرت سے کام لینا ہوگا ، اگر یہ ترامیم مخصوص مفادات یا کسی ادارے کی بالادستی کیلئے استعمال ہوں تو یہ نہ صرف جمہوری اصولوں کی نفی بلکہ ریاستی نظام کو عدم توازن کا شکار کرنے کے مترادف ہے ۔ دیگر مقررین نے بھی آئین کی بالادستی، عدلیہ کی خودمختاری، اور شفاف و منصفانہ نظام انصاف کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی بھی ادارہ مستحکم نہیں ہو سکتا اور نہ ہی جمہوریت پنپ سکتی ہے ۔ سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وکلا برادری ملک میں قانون کی بالادستی، آئینی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں