تیسری پنجاب انٹر ڈویژن فوٹسل چمپئن شپ اختتام پذیر
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)تیسری پنجاب انٹر ڈویژن فوٹسل چمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی، پنجاب بھر سے 10ڈویژنز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
جن میں گجرات ،راولپنڈی ،گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، فیصل آباد ،سرگودھا،ملتان،ڈی جی خان، بہاولپور شامل تھیں، مقابلوں میں راولپنڈی فاتح رہی جبکہ ساہیوال رنر اپ رہی ۔ چیمپئن شپ کی اختتاحی تقریب کمشنر دفتر میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمشنر سید نوید حیدر شیرازی تھے جبکہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل امیر خان ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد سجاد ،تحصیل سپورٹس آفیسر رانا علی حیدر ،کھلاڑیوں ،ٹیموں کے کپتانوں اور منیجرز و دیگر بھی شریک تھے ۔کمشنر نے کہا کہ کھیلیں انسان کی شخصیت سازی اورذہنی و جسمانی نشوونما میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور اس کے علاوہ کھیلوں سے سپورٹس مین سپرٹ اور آگے بڑھنے کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی اور یہی کھلاڑی جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے ۔ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور ایک لاکھ روپے کے کیش پرائز جبکہ رنر اپ ٹیم کو 50ہزار روپے اور ٹرافی اور تھرڈ آنیوالی ٹیم کو 20ہزار روپے دئیے گئے ۔