خیر وشر کی لڑائی لمبی، عام آدمی کامقدمہ لڑ رہے :ڈاکٹر طارق
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ اﷲ تعالیٰ کسی فرد،جماعت،قوم کو اقتدار منصب دے کر عزت نہیں دیتا۔۔
بلکہ منصب کا حق ادا کرنے والوں کو عزت دیتا ہے ۔ ضلع سرگودھا کے زیراہتمام ذمہ دار وں کے اجتماع دختران اسلام اکیڈمی مری میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ؐکی امت کو رب رحمن نے خیر امت اس لئے کہا اسے بڑے مقصد کیساتھ انبیا علیہ السلام کی دعوت اور پیغام کو آنے والی نسلوں تک پہنچا نے کی ذمہ داری لگائی گئی، ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ دنیا کے اندر جتنا فساد پھیلا ہوا ہے سارے کا سارا انسانوں کے اپنے ہاتھ کی کمائی کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا خیر وشر کی لڑائی لمبی ہے ،ہر علم عقل ودانش رکھنے والے انسان کو اس کا جوابدہ ہونا ہے کہ اس نے اپنا وزن رحمن کے بندوں کے پلڑے میں ڈالا ہے یا شیطانی طاغوتی طاقتوں کے پلڑے میں ڈالا ۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا آج مہنگائی کرپشن ظلم لوٹ کھسوٹ کا جو بازار گرم ہے ،یہ بدی کی قوتوں ظالم اور بے رحم اشرافیہ کی وجہ سے ہے ،انہوں نے کہاحافظ نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی پاکستان نے عام آدمی،مزدور کسان، ہاری،فیکٹری مزدور کا مقدمہ پوری قوت کے ساتھ لڑ کر آئی پی پیز کے گھنا ئونے کردار کو بے نقاب کیا ہے ،اس موقع پرنائب امیرجماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹراسامہ رضی ودیگربھی موجود تھے ۔