چکن کی قیمت میں اضافہ،پھل اور سبزی بھی مہنگی
سیالکوٹ،جلاپور جٹاں (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )سیالکوٹ ،جلالپور جٹاں اور گردونواح میں بڑھتی مہنگائی نے عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنادیا۔۔
سبزیوں ،پھلو ں اور برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہو ش ربا اضافہ ، انتظامیہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں بے بس، پرائس کنٹرول کمیٹیاں صرف میٹنگ تک محدود ہو کر رہ گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ ،ڈسکہ ،پسرور ،سمبڑیال اور گردونواح میں برائلر مرغی کا گوشت 700 روپے کلو سے زائد فروخت ہونے لگا، بڑا گوشت 1200 روپے اور چھوٹا گوشت 2700 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے جبکہ آلو 100روپے،پیاز 60روپے ، ٹماٹر 100روپے ،چائنہ لہسن مارکیٹ سے غائب ہے جبکہ دیسی لہسن کی سرکاری قیمت 200روپے کے مقابلے میں 350روپے فی کلو وصول کی جا رہی ہے ۔ادرک چائنہ 600روپے ،سبز مرچ 170روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے ۔دیگر سبزیوں میں اروی 180روپے ، پھول گوبھی 200روپے ، مٹر 270روپے ،کریلے 150روپے ،دیسی لیموں 350روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے ۔ جلالپور جٹاں میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کا رجحان ہے ۔گزشتہ ماہ 400 روپے فی کلو جبکہ اب 680 روپے فی کلو گرام دکانوں پر دستیاب ہے ۔مرغی کے گوشت کا سرکاری ریٹ 562 روپے فی کلو گرام جبکہ چکن سپلائر ریٹ 638روپے فی کلو گرام اور دکانوں پر 680 روپے فی کلو گرام فروخت ہو رہا ہے ۔شہریوں اور دکانداروں میں قیمتوں کے حوالے سے بحث و تکرار اور جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔