لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم سمیت 4 افراد گرفتار

لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم سمیت 4 افراد گرفتار

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا جن میں فخر عباس ، حافظ علی رضا، رب نواز اور محمد محسن شامل ہیں ،ملزموں کو گجرات اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔

 ملزم رب نواز لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث پایا گیا۔ملزم نے شہریوں کو ملازمت کی غرض سے اٹلی بھجوانے کیلئے 23 لاکھ روپے فی کس ہتھیائے ۔ملزم نے شہریوں کو اٹلی کے بجائے لیبیا بھجوایا۔لیبیا پہنچنے پر ملزم نے شہری کو کشتی کے ذریعے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی،دوران سفر کشتی کو حادثہ پیش آیا اور کئی شہریوں کی موت واقع ہوئی۔گرفتار ملزم رب نواز لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی سمگلر شفقت علی کا فرنٹ مین ہے جو لیبیا کشتی حادثے کا مرکزی ملزم ہے ۔فخر عباس نے شہری کو ملازمت کی غرض سے اٹلی بھجوانے کیلئے 18 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے ، حافظ علی رضا نے شہری کو اٹلی بھجوانے کی غرض سے 4 لاکھ 30 ہزار روپے ہتھیائے ،ملزم محسن نے شہری کو جرمنی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 20 لاکھ روپے بٹورے ،ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں