کروڑوں سے بننے والی مرکزی سڑک خستہ حالی کا شکار ، حادثات معمول
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں کروڑوں کی لاگت سے بنی سڑک کھڈوں میں تبدیل۔ روزانہ حادثات۔ محکمہ ہائی وے خاموش تماشائی ۔
تفصیلات کے مطابق علی پورچٹھہ ریلوے پھاٹک سے نہر لوئر چناب تک جانے والی مرکزی سڑک خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے ۔ جگہ جگہ پڑے گڑھوں نے سڑک کو کھڈوں میں بدل دیا ہے ، جس کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں نے سڑک کی موجودہ حالت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا انتظامیہ کسی بڑے حادثے کا انتظار کر رہی ہے ؟واضح رہے کہ اس سڑک کی تعمیر 2017 میں کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے مکمل کی گئی تھی، لیکن ناقص مٹیریل اور غیر معیاری کام کے باعث یہ سڑک صرف چند برسوں میں تباہی کی تصویر پیش کرنے لگی ہے ۔ کئی مقامات پر تو سریا تک باہر آ چکا ہے جو نہ صرف موٹر سائیکل سواروں بلکہ گاڑیوں کے لیے بھی موت کا پھندہ بن چکا ہے ۔ درجنوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے ٹائر پھٹ چکے ہیں۔ متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔مگر متعلقہ محکمہ ہائی وے کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔