علی پورچٹھہ:غیر قانونی گیس ریفلنگ مافیا کیخلاف کارروائی
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر ) علی پورچٹھہ میں غیر قانونی گیس ریفلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مہر ٹریڈرز سے درجنوں سلنڈر اور مشینری برآمد کر لی گئی ۔
علی پور چٹھہ میں غیر قانونی گیس ریفلنگ مافیا کے خلاف انتظامیہ نے مؤثر کارروائی کا آغاز کر دیا۔ قادر آباد روڈ پر واقع مہر ٹریڈرز جو ایک میرج ہال کی بیسمنٹ میں خفیہ طور پر کام کر رہا تھا وہاں سے درجنوں ایل پی جی سلنڈر ریفلنگ مشین اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد عبدالقدیر زرکون نے کی جن کے ہمراہ سی او میونسپل کمیٹی علی پورچٹھہ گلریز احمد وڑائچ اور عملہ بھی موجود تھا۔دکاندار ادریس مہر کے خلاف پہلے بھی دو مقدمات درج ہو چکے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر ہی مزید ایک ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی اور ایم سی ٹیم کو طلب کر کے تمام غیر قانونی سامان ضبط کرنے کا حکم دیا۔کارروائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر صحافیوں کی نشاندہی پر کی گئی ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی کھلے عام ایل پی جی سلنڈر استعمال ہو رہے ہیں جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔علاقہ مکینوں اور شہری تنظیموں نے حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ تمام علاقوں میں غیر قانونی گیس ریفلنگ کیخلاف سخت اور مسلسل کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے ۔