پنڈی بھٹیاں:فوڈ اتھارٹی کی غفلت ،مضر صحت اشیا فروخت
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )پنجاب فوڈ اتھارٹی کی چشم پوشی اور غفلت سے شہری مہلک امراض میں مبتلا ہونے لگے۔۔۔
کیونکہ فوڈ اتھارٹی ٹیمیں کھانے پینے کی اشیا کی د کانوں ہوٹلوں، بیکریوں اور فوڈ سٹریٹ کے مراکز کی چیکنگ نہیں کرتیں جس سے دکاندار حفظان صحت کے اصولوں کو نظر انداز کر رہے ہیں ۔برسات کے موسم میں بھی مضر صحت اشیا فروخت ہو رہی ہیں جس سے شہری بیمار ہو رہے ہیں ۔ فاسٹ فوڈز شاپس، ہوٹلوں ، فوڈ سٹریٹ کے مراکز ، جوس کارنر ،مٹھائی اور بیکری شاپس پر صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے مکھیوں اور مچھروں کی بھرمار ہو تی ہے ۔علاوہ ازیں فوڈ پوائنٹس پر مضر صحت اور باسی اشیا بھی فروخت ہو رہے ہیں جس سے شہری مہلک امراض میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں میں پہنچ رہے ہیں ۔علاوہ ازیں دودھ د ہی کی دکانوں پر بھی صفائی نہ ہونے کے برابر ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اس صورتحال میں بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ، اعلیٰ حکام نو ٹس لیکر عوام کی صحت کیساتھ کھیلنے والوں کا قلع قمع کر یں۔