کھاریاں،آ بی راستوں پر تجاوزات سے تباہی کا خدشہ
کھاریاں (تحصیل رپورٹر )آبی راستوں پر قائم تجاوزات بڑی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں، جی ٹی روڈ ، پنجن کسانہ ، گلیانہ میں کئی دنوں سے پانی نہ نکالا جا سکا۔
تفصیلات کے مطابق کھاریاں سے دیونہ منڈی تک جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف، گلیانہ ، بھمبھر نالہ، لالہ موسیٰ ، رکھ پبی سمیت دیگر علاقوں میں قدرتی آبی راستوں پر تجاوزات قائم ہیں گلیانہ سے ملحقہ سڑکوں پر تمام پلیاں بھی بند ہیں جسکی وجہ سے جی ٹی روڈ پنجن کسانہ اور گلیانہ کے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ10روز سے پانی کھڑا ہے جبکہ باہروال میانہ چک میردہ شاہ جہانیاں اور گلیانہ کے دیگر علاقے بھی زیر آ ب آ سکتے ہیں گزشتہ برس بھی سینکڑوں ایکڑ اراضی پر پانی کھڑا ہو گیا تھا اور فصلیں شدید متاثر ہونے سے کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑا تھا ضلعی تحصیل اور مقامی انتظامیہ نے اس سال بھی نہ تو تجاوزات ختم کروائیں اور نہ ہی نالوں کی صفائی کرائی محکمہ ایریگیشن بھی سال بھر سویا رہا حالیہ بارشوں کی وجہ سے پنجن کسانہ جی ٹی روڈ پر مسلسل کئی دن سے پانی کھڑا ہے ۔ شہریوں نے اصلاح کا مطالبہ کیا ہے ۔