پیپلز پارٹی ہر حلقے سے ضمنی الیکشن لڑے گی :گورنر پنجاب

پیپلز پارٹی ہر حلقے سے ضمنی الیکشن لڑے گی :گورنر پنجاب

قلعہ دیدار سنگھ ،وزیرآباد(نامہ نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آ چکی ہے۔

 پیپلز پارٹی جمہوری اور عوامی جماعت ہے جو ہر حلقے سے اپنا امیدوار میدان میں اتارے گی اور بھرپور انداز میں الیکشن میں حصہ لے گی۔سینئر صحافی عتیق یوسف ضیا سے ان کے بھائی میجر طارق محمود کی وفات پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔گورنر پنجاب کا گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ پارٹی قیادت جلد مشاورت کے بعد خالی ہونے والی نشستوں پر الیکشن لڑنے کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں اور اس ملک کی واحد جماعت ہے جس نے آمریت کیخلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کا مشن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں جاری ہے اور پارٹی ہمیشہ عوامی فلاح، قومی وقار اور جمہوریت کی سربلندی کیلئے سرگرم عمل رہے گی اور عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں