مذہبی تنظیموں کا صحابہ کی بے ادبی پر کا رروا ئی کا مطالبہ
حافظ آباد (نامہ نگار،نمائندہ دنیا )جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام ضلع کی 50سے زائد سنی تنظیموں کا ہنگامی اجلاس جامع مسجد عاقل والی پنڈی بھٹیاں میں منعقد ہواجس میں علما اکرام اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔۔
اجلاس میں علما اور سنی تنظیموں کے رہنماؤں نے متفقہ قرارداد پاس کرتے ہوئے کہا کہ پنڈی بھٹیاں اور اسکے گردونواح میں جو لوگ صحابہ کرام کی شان میں گستاخیاں اور بے ادبی کرکے امن عامہ کی صورت حال کو خراب کررہے ہیں ،انکے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ورنہ حالات کے بگاڑ کی تمام تر ذمہ داری مقامی پولیس ،ڈی ایس پی اور انتظامیہ پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس اور ڈی ایس پی ملزموں کے اثر ورسوخ کی وجہ سے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جس سے عوام میں غم وغصہ اور اضطراب کی لہر سرایت کرتی چلی جارہی ہے ۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ وہ صحابہ کرام کی ناموس اور تحفظ کے لئے جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔بعدمیں علما اور معززین شہر نے احتجاجی جلوس بھی نکالا اور صحابہ کرام ؓ کی شان میں بے ادبی اور گستاخی کرنے والوں کے خلاف فوری مقدمات درج کرنے کامطالبہ کیا۔اجلاس سے علامہ شاہد محمود چشتی، علامہ نوراحمد حیات، عرفان صدیقی، علامہ فیضان الحسن قادری، علامہ بشیر سیفی، حسن شہزاد ایڈوکیٹ، رائے خرم شہزادنے خطاب کیا۔