سول ہسپتال ڈسکہ میں سکیو رٹی کے باوجود وار داتیں
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار )سول ہسپتال ڈسکہ سکیورٹی ہونے کے باوجود چوروں کے نرغے میں آ گیا، چیک اپ کیلئے آنیوالے مریض لٹنے لگے سول ہسپتال ڈسکہ میں درجنوں سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
آئے روز سول ہسپتال ڈسکہ میں وارداتیں ہونا معمول بن چکی ہے ۔گزشتہ روز ڈسکہ کا سعید اپنی بیوی کا چیک اپ کروانے کیلئے سول ہسپتال ڈسکہ آیا تو نامعلوم چور بھاگتا ہوا آیا اور اس کی بیوی سے 2ہزار روپے چھین کرفرارہوگیا اس کی بیوی نے وہ پیسے دوا کیلئے ہاتھ میں پکڑے ہوئے تھے سول ہسپتال ڈسکہ میں ایسی وارداتیں ہونا معمول بن چکی ہے ۔ سکیورٹی اہلکار بھی یہاں پر وقت گزارنے کیلئے آتے ہیں ، سول ہسپتال ڈسکہ کی انتظامیہ کے بعض ذمہ داروں نے پاس ہی ریسٹورنٹ بنارکھا ہے ان کی ساری توجہ اسی ریسٹورنٹ کی طرف لگی رہتی ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ سول ہسپتال ڈسکہ میں سکیورٹی اہلکار ہونے کے باوجود وارداتوں کا نوٹس لیاجائے اور جن سول ہسپتال ڈسکہ کی انتظامیہ کے ذمہ داروں نے ریسٹورنٹ بنارکھے ہیں انہیں ریسٹورنٹ کی طرف توجہ کے بجائے سول ہسپتال ڈسکہ کی طرف توجہ مرکوز کرنے کا پابندکیاجائے ۔