مو سلا دھار بارش سے نشیبی علاقے ،گلیاں محلے زیر آب
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)شہر اورگردونواح میں برسنے والی موسلادھار بارش سے سڑکیں ، نشیبی اور پوش علاقوں کی گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔
بارش تھمنے کے کئی گھنٹے بعد بھی بارشی پانی کا نکاس نہ ہوسکا، سڑکوں پر کھڑے پانی میں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند ہوتی رہیں۔ بارش کے بعد گرمی اور حبس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ گوجرانوالہ شہر اور گردنواح میں بارش سے شہر کے نشیبی علاقے اور گلی محلے زیر آب آگئے ۔جی ٹی روڈ کے مختلف حصے ، سیالکوٹ روڈ، پسرور روڈ، کمشنر روڈ، سول ہسپتال روڈ، گل روڈ حافظ آباد روڈ سمیت شہر کے پوش علاقے ماڈل ٹائون، پیپلز کالونی، سٹیلائٹ ٹائون، کنگنی والا، وحدت کالونی سمیت مختلف علاقوں میں بارش خوب جم کر برسی۔بارش کے دوران فنی خرابی سے گیپکو کے ریجن بھر میں متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کرگئے ، فیڈرز ٹرپ ہونے سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی جس سے شہریوں کو دشواری کا سامنا رہا۔ بارش تھمنے کے بعد آسمان پر گہرے بادلوں کا راج برقرار ہے ۔