مذہبی آزادی اور مساوی حقوق اجاگر کرنے کیلئے ریلی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت پروقار ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔۔
جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ ملک اعجاز، نثار احمد، قذافی اسلم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی اور اقلیتی برادری کے نمائندے شریک ہوئے ۔ ریلی کے دوران پاکستان کے آئین میں دی گئی مذہبی آزادی اور مساوی شہری حقوق کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11 اگست پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن ہے ، جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی اْس تاریخی تقریر کی یاد دلاتا ہے جس میں تمام شہریوں کو مذہب، ذات یا نسل سے بالاتر ہو کر برابر کے حقوق دینے کا عزم ظاہر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار قابلِ تحسین ہے اور حکومت ہر شہری کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ باہمی رواداری، احترام اور بھائی چارے کا فروغ ایک پرامن معاشرے کی بنیاد ہے اور ایسے پروگرام ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔ ریلی میں شریک مختلف اقلیتی رہنماؤں نے بھی خیالات کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔