بارشوں کا پانی جمع،سڑکیں برباد ہونے لگیں
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)حالیہ بارشوں کا پانی جمع ہونے کے باعث اربوں روپے سے تیار ہونے والی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں ۔۔
جبکہ بعض علاقوں میں نئی سڑکوں کی تعمیر کیلئے کھدائی تو کر دی گئی ہے لیکن کام سست روی کا شکار ہے ،مختلف جگہوں پر سڑکوں پر گڑھے بننے لگے جس کے باعث حادثات بھی رونما ہورہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق رواں سال مون سون کی بارشیں معمول سے زیادہ ہوئی ہیں ،بارشوں کے باعث بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے ،جب بھاری وزن والی گاڑیاں پانی سے گزرتی ہیں تو سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں،ٹرک ،ٹرالیاں اور دیگر لوڈر گاڑیوں میں بلڈنگ میٹریل سامان ،سریا اور اینٹوں کو شہر میں لایا جاتا ہے تو اس سے بھی سڑکیں تباہ ہو رہی ہیں۔ شاہین آباد سروس روڈ پر نئی سڑک کی تعمیر کیلئے کھدائی کر دی گئی ہے لیکن ابھی سڑک کی تعمیر مکمل نہیں ہوسکی ۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ نئی سڑکوں کی تعمیر کیلئے جو کھدائی کی گئی ہے اس کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہوسکیں اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر نہ ہو۔