حافظ آباد:خطاطی و مصوری کے فن پاروں کی نمائش
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کے سلسلہ میں خطاطی و مصوری فن پاروں کی نمائش اور مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
نمائش اور مقابلوں میں نوجوان خطاط کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق مقابلوں اور نمائش کے مہمان خصوصی تھے ۔جنہوں نے مقامی خطاط طلبا و طالبات کے فن پاروں کی نمائش دیکھی اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ مصوری و خطاطی مقابلوں اور نمائش کا مقصد جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کو بھر پور جو ش و خروش سے منا نا ہے ۔انکاکہنا تھا کہ اس طرح کے مقابلوں اور پروگراموں کے ذریعے نوجوان نسل کو یہ آگاہی دینا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور آزاد پاکستان کا خواب دیکھنے والے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال سمیت تحریک آزادی کے دیگر تمام ہیروز نے کس طرح ایک آزاد اسلامی ملک کے حصول کے لیے لازوال قربانیوں،کوششوں اور بہادری کی عظیم داستانیں رقم کیں۔ خطاطی و مصوری نمائش اور مقابلوں میں مقامی آرٹسٹوں نے اپنے فن اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے تحریک پاکستان کے ہیروز کی لازوال قربانیوں، کوششوں کے ساتھ ساتھ معرکہ حق،بنیان المرصوص آپریشن میں کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مقابلے جیتنے والے آرٹسٹوں میں کیش پرائز اور تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔