سنگل فیز میٹروں کی قلت،ہزاروں کنکشن تا خیر کا شکار،شہری دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گیپکو کے سنگل فیز میٹروں کی قلت ،ہزاروں نئے صارفین کے گھریلو میٹرز کی تنصیب تاخیر کا شکار ہوگئی ،بڑی تعداد میں شہری نئے کنکشنز کے حصول کیلئے دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہوگئے ۔
گیپکو کی گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں 126 دفاتر موجود ہیں جہاں ماہانہ ہزاروں نئے کنکشنز کے حصول کیلئے درخواستیں جمع ہوتی ہیں لیکن گیپکو کے فیلڈز سٹوروں میں سنگل فیزمیٹروں کا اجرا اچانک رک گیا ۔سب ڈویژنوں کے افسر اور عملہ بھی نئے میٹروں کا اجرا بند ہونے سے پریشان ہوگئے اور نئے کنکشنز والے صارفین بھی ذلیل وخوار ہورہے ہیں ۔ گیپکو افسر وں نے نئے میٹروں کی تنصیب عارضی طور پر روک دی ۔ شہریوں کا کہنا ہے میٹر کنکشن نہ ملنے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، گیپکو حکام صورت حال کا نو ٹس لیکر فوری ریلیف کیلئے اقدامات کر یں ۔دوسری جانب گیپکو کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کیلئے نئے میٹرز اور میٹریل کی خریداری شروع کررکھی ہے سٹوروں میں سنگل فیز میٹرز موجود ہیں لائن سٹاف کو ضرورت کے مطابق مہیا کئے جارہے ہیں۔