اپ گریڈیشن پراربوں روپے خرچ کے باوجود سیوریج سسٹم ناکارہ
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)شہر کے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود نکا سی آب کا نظام بہتر نہ ہوسکا ،مون سون کی بارشوں سے ضلعی انتظامیہ ،واسا ،کارپوریشن اور ہائی ویزافسر بے بس ہوگئے۔۔۔
جن کی غفلت کے باعث شہر کی اہم شاہرات اور رہائشی علاقوں میں برسوں پرانی اور بوسیدہ پائپ لائنوں کی تبدیلی نہ ہوسکی ،چنددا قلعہ کے میگا پراجیکٹ سمیت بیشتر مقامات پر سڑکوں کی تعمیر ادھو ر ی پڑی ہے جس کے باعث شہر کے خراب اور پرانے سیوریج سسٹم سے شہری پریشان ہیں پنجاب حکومت نے سیوریج سسٹم کی تعمیرو مرمت کیلئے گزشتہ مالی سال میں بھی محکمہ واسا کو 65 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے اور ترقیاتی کام پر خرچ بھی کئے گئے اس کے علاوہ بلدیاتی اداروں اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی زیر نگرانی بھی کروڑوں روپے خرچ کئے گئے لیکن شہر کا سیوریج سسٹم درست نہ ہوسکا۔ گوجرانوالہ شہر میں چند گھنٹے کی بارش سے شہر کے بارونق علاقے پانی میں ڈوب جاتے ہیں جس سے شہریوں کی مشکلات بھی بڑھ جاتی ہیں۔ واسا بھی پانی کے نکاس اور بوسیدہ پائپ لائنوں کی بحالی میں ناکام ہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اگر سیاسی نمائندوں کے بجائے ایماندار افسر وں کی زیر نگرانی ترقیاتی کام کروائے تو عوام کو درپیش بنیادی مسائل پیدا ہی نہ ہوں۔