عدالتی شکایات کیلئے شکایت باکسز اور آن لائن سہولتیں متعارف
باکسز کو روزانہ کھولا جائے گا ، شکایات کنندہ کو ایس ایم ایس سے اطلاع دی جائیگی
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی سٹاف کے خلاف کرپشن اور دیگر شکایات کے ازالے کے لیے ایک جدید میکینزم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد سمیت صوبے کے تمام اضلاع کے سیشن ججز اور سینیئر سول جج کو ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے ۔ہدایت کے مطابق، ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور سینیئر سول جج کی عدالتوں کے باہر اور جوڈیشل لاک اپس میں شکایت باکسز رکھے جائیں گے ۔ ان باکسز کو روزانہ دیگر مقدمات کی دائرگی کے دوران کھولا جائے گا اور شکایت کنندہ کو درخواست کی وصولی کے بارے میں ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔اس کے علاوہ، ہر ضلع کی عدالتی ویب سائٹ پر شکایت کے لیے واٹس ایپ نمبر اور ای میل ایڈریس فراہم کیے جائیں گے تاکہ شہری شکایات آسانی سے درج کرا سکیں۔ شکایت پر کارروائی یا طلبی کی صورت میں درخواست دہندہ کو اس کے ایڈریس پر لیٹر بھیجا جائے گا۔