سبزی ، پھل ، دالیں ، گھی ،چینی منہ مانگی قیمت پر فرو خت
پیاز کی قیمت ایک ہفتے میں80 سے 200 روپے تک پہنچ گئی ، آلو بھی مہنگے
علی پورچٹھہ،لدھیوالہ وڑائچ (تحصیل رپورٹر،نامہ نگار )علی پورچٹھہ میں چینی 210 روپے کلو، سبزیاں، دالیں، گھی، پھل منہ مانگی قیمتوں پرفروخت ہونے لگے ، انتظامیہ اور پرائس کنٹرول افسر غائب ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ علی پور چٹھہ، لدھیوالہ وڑائچ اور گردونواح کے شہری مہنگائی کے نئے طوفان کی زد میں ہیں، ایک ہفتے میں پیاز کی قیمت 80 روپے کلو سے بڑھ کر200 روپے کلو تک جا پہنچی، آلو بھی مہنگے ہوکر 100 روپے کلو تک پہنچ گئے ۔بازاروں میں چینی 200سے 210 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے ۔ شہریوں نے سروے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی کارروائیاں فوٹو سیشن تک محدود ہیں۔
٫چند دکانوں پر چھاپے ، جرمانے اور فوٹو سیشن کے بعد افسرسب اچھا کی رپورٹ دے دیتے ہیں۔ دال چنا320، چنے کالے 320، چنے سفید 350، مسور دیسی 560، مسور فارمی 320، چاول نیا 300، گھی 550، بیسن 400، دال مونگ 400، دال ماش 600 میں فروخت جاری ہے ۔ اسی طرح ٹماٹر 200، کدو 120، مٹر 400، شلجم 200، ادرک 600، لہسن 480 ،گوبھی 80 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے ۔ پھلوں میں انار 800، انگور600، سیب 400، کیلا 150، مسمی 100 روپے بک رہے ہیں۔ دودھ 220،دہی 220، انڈے 360 روپے درجن، چھوٹا گوشت 2500، بڑا گوشت 1200 روپے کلو بک رہا ہے ۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے ۔