حافظ آباد: 4 سال میں ڈسٹرکٹ ہسپتال کی تعمیر مکمل نہ ہوسکی مریض خوار
شہر کے وسط میں قائم سرکاری ہسپتال میں روز بروز بڑھتے مریضوں کے دباؤ کی وجہ سے طبی سہولیات ناکافی ،شہری علاج کیلئے گوجرانوالہ ،لاہور اور دیگر شہروں کا رخ کرنے پر مجبور،لوگ مایوسی کا شکار
حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ضلع حافظ آباد میں4سال قبل تعمیر کے آغاز کے باوجود نیا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال مکمل نہ ہو سکا، شہریوں میں تشویش اور مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ گنجان آباد ضلع میں واحد بڑا سرکاری ہسپتال شہر کے وسط میں قائم ہے جس کی عمارت اور وسائل آبادی کے بوجھ کے سامنے ناکافی ہو چکے ہیں ،روز بروز بڑھتے مریضوں کے دباؤ کی وجہ سے طبی سہولیات ناکافی ہو گئی ہیں، شہریوں کو مخصوص علاج کیلئے گوجرانوالہ، لاہور اور دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔
نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی منظوری ملنے پر شہریوں کو اُمید تھی کہ پرفضا مقام پر تعمیر ہونے والا یہ جدید ترین ہسپتال نہ صرف وسیع و عریض ہوگا بلکہ جدید طبی سہولیات، جدید مشینری، ماہر ڈاکٹرز اور مزید بستروں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ شہریوں شاہد ہنجرا ایڈووکیٹ اور دیگر کا کہنا ہے کہ4سال گزرنے کے باوجود ہسپتال کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی جس سے امیدیں دم توڑ رہی ہیں،حکومت منصوبے کو مز ید تاخیر کا شکار نہ کرے تاکہ مریضوں کو بر وقت علاج کی سہولیات میسر آ سکیں ۔