609ملین روپے کی لاگت سے جناح برج کی بہتری اور بحالی کامنصوبہ مکمل

609ملین روپے کی لاگت سے جناح برج  کی بہتری اور بحالی کامنصوبہ مکمل

جناح برج پر تقریباً 7 لاکھ 75 ہزار اسکوائر میٹر اسفالٹ بچھایا گیا ، 552 میٹر طویل ایکسپینشن جوائنٹس بھی تبدیل کیے گئے ،ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی ،میئر مرتضیٰ وہاب کی گفتگو

کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ نے ضلع کیماڑی میں جناح برج کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں رکن سندھ اسمبلی آصف خان، ٹاؤن چیئرمین ماری پور ہمایوں خان، کے ایم سی سٹی کونسل کے اراکین، ٹاؤن چیئرمین، منتخب نمائندے اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 609 ملین روپے کی لاگت سے جناح برج کی مرمت اور بحالی کا بڑا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے ، جس سے شہریوں کے لیے سفر مزید محفوظ اور آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جناح برج پر تقریباً 7 لاکھ 75 ہزار اسکوائر میٹر اسفالٹ بچھایا گیا جبکہ 552 میٹر طویل ایکسپینشن جوائنٹس بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔

جناح برج کی بحالی سے بندرگاہ اور شہر کے دیگر علاقوں کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو آمد و رفت میں نمایاں سہولت ملے گی۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ کراچی کے شہری مسائل کے حل کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ساتھ دے اور بندرگاہ سے متعلق ادارے بھی تعاون کریں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو اجازت دے تاکہ ٹرک اور ٹریلر لیاری ایکسپریس وے سے گزر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لیاری ایکسپریس وے ہیوی ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے تو شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے ۔ بڑے ترقیاتی منصوبے شہر کے لیے لانے کی ضرورت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں