موٹروے پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان
ریونیو میں اضافہ،نئی موٹرویز کی تعمیر،شاہراہوں کی حفاظت ترجیح ہے ، عبدالعلیم
شیخوپورہ(دنیا رپورٹ )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم نے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں 12ویں ریکروٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈکی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ 401 فارغ التحصیل افسران، جن میں 67 خواتین افسران بھی شامل تھیں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ یہ تقریب محض ایک رسمی کارروائی نہیں بلکہ وفاداری کا ایک مقدس عہد اور پیشہ ورانہ زندگی کا ایک اہم سنگ میل ہے ۔ فورس کے مورال کو بلند کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر وفاقی وزیر مواصلات نے موٹروے پولیس کی تنخواہوں میں خصوصی اضافے کا اعلان کیا اور عوامی تحفظ کے لیے ان کی لگن کو سراہا۔
انہو ں نے کہا کہ ادارے کے ریونیو میں 63 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے ، جو جون 2024 میں 66.8 ارب روپے سے بڑھ کر جون 2025 تک 109 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے ۔ لاہور-سیالکوٹ موٹروے کو کھاریاں کے ذریعے اسلام آباد سے منسلک کیا جائے گا جو ایک تزویراتی اقدام ہے اور اس سے سفر کا فاصلہ 100 کلومیٹر تک کم ہو جائے گا۔ پاکستان اور پاکستانیوں نے 40 برسوں تک افغان شہریوں کی مہمان نوازی کی اور یہ افسوس کا مقام ہے کہ وہ ہمارے خلاف ہی دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں ،ان کو نہیں پسند تو بھارت چلے جائیں زیادہ سے زیادہ کفایت شعاری اور بچت کو شعار بنانا چاہیے تاکہ ان مشکل حالات سے نمٹا جا سکے ۔