ایس بی سی اے کوشہری کی درخواست پرفیصلہ کاحکم

ایس بی سی اے کوشہری کی درخواست پرفیصلہ کاحکم

عملدرآمد رپورٹ ممبر انسپکشن ٹیم کے ذریعے عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت اکبر روڈ کے رہائشی علاقے میں خلاف ضابطہ عمارت تعمیر کی جارہی ہے ،درخواست

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں اکبر روڈ پر خلاف ضابطہ کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو شہری کی درخواست پر چار ہفتوں کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا جبکہ عملدرآمد رپورٹ ممبر انسپکشن ٹیم کے ذریعے عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ درخواست شہری شیخ محمد سلمان کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اکبر روڈ کے رہائشی علاقے میں خلاف ضابطہ 12 منزلہ کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کی جارہی ہے جو قواعد و ضوابط کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ عمارت رہائشی علاقے میں تعمیر کی جارہی ہے حالانکہ اس علاقے میں اس نوعیت کی کثیر المنزلہ عمارت کی اجازت نہیں ہے ۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ عمارت کی تعمیر کے دوران برابر والی گلی پر بھی تجاوز کیا گیا ہے جس سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

وکیل کے مطابق عمارت کی تعمیر میں اوپن ایئر اسپیس بھی نہیں چھوڑی گئی جو بلڈنگ قوانین کے تحت لازمی قرار دی گئی ہے ۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ حکام نے عمارت کی تعمیر کے دوران ماحولیاتی قوانین کو بھی نظر انداز کیا ہے جس سے علاقے کے ماحول اور شہریوں کے لیے خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ہدایت کی کہ شہری کی درخواست کا قانون کے مطابق جائزہ لے کر چار ہفتوں کے اندر فیصلہ کیا جائے ۔ عدالت نے مزید حکم دیا کہ اس حوالے سے عملدرآمد رپورٹ ممبر انسپکشن ٹیم کے ذریعے عدالت میں جمع کرائی جائے تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں