کرپشن میں محکمہ مال سرفہرست ، پو لیس کا دو سرا نمبر
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر، نیوز رپورٹر)اینٹی کرپشن نے رواں سال کرپشن اور رشوت ستانی کے 288مقدمات کا اندراج کرکے 650سرکاری و پرائیویٹ ملزموں کو گرفتار کیا اور 2ارب روپے مالیت کا 1098کنال رقبہ وا گزار کر ایا ۔
ان خیالات کا اظہار ڈویژنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ امجد شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اعجاز بوسال،ڈپٹی ڈائریکٹر میاں احسان اللہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز رانا شبیر اشرف، فلک مقصود اور عمران فاروق بھی موجود تھے انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال 2025 میں اینٹی کرپشن نے 6 اضلاع میں کارروائی کرتے ہوئے مختلف سرکاری محکموں کے 288 کرپٹ ملازمین اور پرائیویٹ افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج کیا اور اس دوران 396 سرکاری اور 181پرائیویٹ افراد کو گرفتار کرکے جیل بھجوایا ان کا کہنا تھا کہ 44سرکاری ملازمین کو مجسٹریٹ کے ساتھ مشترکہ چھاپہ مار کاروائی کرکے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ، اسی طرح 34 اشتہاری ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی 298 شکایات سن کر متاثرین کو موقع پرانصاف فراہم کیا گیا رواں ماہ 1693 انکوائریوں پر کارروائی کی گئی ان میں سے 1147 افراد کو ریلیف فراہم کرکے فیصلہ کر دیا گیا ۔امجد شہزاد ڈار کا کہنا تھا کہ کرپشن کی سب سے زیادہ شکایات محکمہ مال کے خلاف سامنے آئیں جبکہ دوسرے نمبر پر پولیس کے خلاف شکایات موصول ہوئیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید سخت اور تیز کی جائیں گی۔