2وکلا کا قتل ‘ہڑتال سے ہزاروں مقدمات التوا کا شکار
گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر ) سابق صدر جھنگ بار اور ڈسٹرکٹ بار وہاڑی کے ممبر ذیشان شبیر کے قتل اور ملزمان کی عدم گرفتاری کا معاملہ ۔
ڈسٹرکٹ بار کی چار روزہ ہڑتال سے ہزاروں مقدمات کی سماعت تعطل کا شکار ، عدالتی برآمدے سنسان ہو گئے ۔ تفصیل کے مطابق دو وکلا کے قتل اور ملزموں کے گرفتار نہ ہونے پر پنجاب بار کونسل کی کال پر ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ نے مسلسل چوتھے روز بھی عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ۔چار روزہ ہڑتال کی وجہ سے ہزاروں مقدمات کی سماعت تعطل کا شکار ہو گئی جوڈیشل افسروں نے مقدمات میں آئندہ کے لیے تاریخیں ڈال دیں۔ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب بار کونسل کی کال کے پابند ہیں دو وکلا کا قتل افسوس ناک واقعہ ہے ۔ڈسٹرکٹ بار دونوں واقعات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے وکلا کا مطالبہ ہے قاتلوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف انسداد دہشت گردی اور وکلا پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔علاوہ ازیں رضوان گل کی قیادت میں مشتعل وکلا نے پولیس افسر وں و اہلکاروں کو سیشن اور جوڈیشل کمپلیکس سے نکال دیا ، وکلا نے سیشن کورٹ میں ریلی نکالی ۔ رہنمائوں نے کہا کہ پنجاب بار کی ہدایت کے مطابق پولیس کا عدالتوں میں داخلہ بند رہے گا ۔