سمبڑیال:سیلاب متاثرہ علاقوں میں جانور بیمار پڑ نے لگے
سمبڑیال (سٹی رپورٹر )سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کو لیور فلوک نامی بیماری نے گھیر لیا ۔
تحصیل سمبڑیال کا علاقہ بیلہ درجنوں دیہات پر مشتمل ہے جو سیلاب سے شدید متاثر ہوئے تھے تاہم اب لیور فلوک بیماری نے علاقے کو تیزی سے لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے دودھ دینے والے مویشی شدید متاثر ہورہے ہیں۔ لیور فلوک نامی بیماری سے گلہڑ اور پیٹ کے کئی دیگر امراض پیدا ہو رہے ہیں جس سے کئی کسانوں کے قیمتی مویشی موت کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ متعلقہ انتظامیہ نہ تو علاج میں کوئی تعاون کر رہی ہے اور نہ ہی اس سلسلے میں مویشی مالکان کو کوئی آگاہی فراہم کی جارہی ہے ۔ماہرین کے مطابق یہ بیماری سیلاب سے آلودہ ہونے والے چارے ،پرالی اور توڑی وغیرہ کی وجہ سے پھیل رہی ہے جس کی فی الحال کوئی ویکسین ابھی تک ایجاد نہیں ہوئی، ویٹرنری ڈاکٹرز کے مطابق اس کے علاج کے لئے بروقت پیٹ کے کیڑوں کے علاج والی ادویات استعمال کرنی چاہئیں۔واضح رہے کہ علاقے بیلہ میں سیلاب کے فوری بعد مویشیوں کے چارے کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی اور اب اس بیماری نے مویشی مالکان کو مزید پریشان کر کے رکھ دیا ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری متحرک ہو اور متاثرین کو بروقت درست آگاہی اور علاج فراہم کرے ۔