ڈسکہ :تعلیمی سال آدھا گزر گیا ، میٹرک طلبا کتابوں سے محروم
ڈسکہ(نامہ نگار )تعلیمی سال آدھے سے زیادہ گزر گیا لیکن میٹرک طلبا کتابوں سے محروم ،سال ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ،پنجاب بھر کی طرح ڈسکہ اورگردو نواح میں بھی آئندہ سال میٹرک کا امتحان دینے والے طلبا شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
فوڈ اینڈ نیوٹریشن اور تاریخ پاکستان کی کتابوں کی مارکیٹ میں قلت سامنے آ گئی ۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ اگرچہ دونوں مضامین کیلئے کورس آؤٹ لائن جاری کر چکی ہے تاہم مارکیٹ میں کتابوں کی عدم دستیابی نے طلبا کیلئے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ طلبا اور والدین کا کہنا ہے کہ پورا سال گزر گیا اور امتحانات میں صرف 3 ماہ باقی رہ گئے ہیں لیکن دونوں مضامین کی کتابیں میسر نہیں جس سے سینکڑوں طلبا کا سال ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ والدین کے مطابق انگلش میڈیم طلبا کیلئے دونوں مضامین کی کتابیں بالکل دستیاب نہیں جبکہ اردو میڈیم طلبا کو بھی بازار سے پرانی کتابیں خریدنا پڑ رہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کتابیں 10سال قبل پرنٹ کی گئی تھیں جس کے باعث مارکیٹ میں قلت پیدا ہو گئی ۔ والدین نے پیکٹا سے فوری طور پر کتابوں کی پرنٹنگ کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ طلبا کو باآسانی کتب تک رسائی فراہم کی جائے کیونکہ صرف کورس آو?ٹ لائن جاری کر دینا مسئلے کا حل نہیں۔