کرپٹ مافیا کیخلاف ملکر جدوجہد کرناہوگی :ڈاکٹر طارق
حکومت فی لٹر پٹرول پر ٹیکس اور لیوی کی مد میں 106 روپے 83 پیسے لے رہی عوام طاقتور نظام کے خلاف آواز اٹھائیں اور اپنے حقوق کے لئے ڈٹ جائیں
گجرات(سٹی رپورٹر)جماعت ا سلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ حکومت پٹرول کی فی لٹرقیمت میں ٹیکسوں اورلیویز کی مد میں106روپے 83پیسے وصول کررہی ہے روٹی کی طرح پٹرول بھی عوام کی پہنچ سے باہرہوچکا ، انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کے مہنگائی مکا ئو نعرے ہوا میں اڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں طبقاتی نظام بنتا جا رہا ہے ، جہاں غریب اور امیر کے درمیان فرق بڑھتا جا رہا ہے ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے پروگرامز صرف سیاسی فائدے کیلئے استعمال ہو رہے ہیں جبکہ حقیقت میں یہ پروگرام غربت کو ختم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت کی ناکامی کو سامنے لاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک کے مقابلے میں ہمارے ملک میں یوریا کھاد کی قیمتیں کئی گنا زیادہ ہیں اور حکومت نوجوانوں کے روزگار کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جا رہے ۔ انہوں نے کرپٹ مافیا کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس طاقتور نظام کے خلاف آواز اٹھائیں اور اپنے حقوق کے لئے ڈٹ جائیں، پاکستان طاقتوروں کا نہیں بلکہ عوام کا ہے ، اور جماعت اسلامی اس ملک میں طاقتوروں کے بجائے عوامی نظام قائم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔