صدیق اکبر حق و صداقت کی روشن مثال :حامد سعید کاظمی
حضرت علی نے فرمایا ایمان و اخلاص میں صدیق اکبر کا کوئی ہم پلہ نہیں:نور المجتبٰی
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )جماعت اہل سنت وانجمن تحفظ ناموس اولیا پنڈی بھٹیاں کے زیر اہتمام 22ویں سالانہ تاجدار صداقت کانفرنس زیر صدارت چودھری بابر شفیق آرائیں جامع مسجد مدنی دربار میاں خیر محمد نون میں ہوئی ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر حامد سعید کاظمی ملتانی نے کہا کہ صدیق اکبر حق و صداقت کی روشن مثال ہیں اور انہوں نے مملکت اسلامی کی بنیادوں کو مستحکم کیا، حضور علیہ السلام کی خدمت میں آپ کی زندگی کا مقصد وہی تھا جہاں تحمل اور سیاسی حکمت عملی درکار تھی وہاں اسے اختیار کیا اور جہاں قوت بازو اور بزور شمشیر منافق مرتد اور جھوٹے مدعی نبوت کی سرکوبی ضروری تھی وہاں اللہ کی رضا اور اس کے دین کی ناموس کیلئے مسلمانوں کی اجتماعی طاقت اور شجاعت سے بھی کام لیا حتیٰ کہ مشرکوں منافقوں اور مرتدوں کو نیست و نابود کر کے رکھ دیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الحدیث پیر محمد نور المجتبٰی چشتی نے کہا کہ ابوبکر صدیق ختم نبوت کے محافظ اول ہیں حضرت علی نے فرمایا ایمان و اخلاص میں صدیق اکبر کا کوئی ہم پلہ نہیں صدیق اکبر حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے عاشق صادق تھے ۔ علامہ شاہد محمود چشتی نے کہا کہ ابوبکر صدیق امت محمدیہ میں سب سے پہلے جنت میں جائیں گے ۔کانفرنس سے ڈاکٹر عدنان محمود عرفانی، محمد معاذ چشتی ،پیر اعجاز حسین قادری، حافظ الیاس سیالوی و دیگر نعت خوانوں نے منقبت صدیق اکبر پیش کی۔