علی پور چٹھہ : ڈپٹی کمشنر کا سکولوں، ہسپتال، بازار، پارک کا دورہ
صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد نوید احمد نے علی پورچٹھہ کا دورہ کیا ،انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول، جناح لائبریری، مریم نواز ہسپتال، پارک، مین بازار اور دیگر اہم عوامی مقامات کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے گرلز ہائی سکول علی پورچٹھہ میں کلاس رومز، لیبارٹریز، فرنیچر، صفائی ستھرائی، اساتذہ کی حاضری اور طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا ، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سکول کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کلاسکے میں بھی تعلیمی سہولیات، اساتذہ کی کارکردگی اور طالبات کی تعداد کا جائزہ لیا۔
جناح لائبریری کے دورہ کے دوران چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گلریز افضل نے لائبریری کی تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی، نئی کتب کی دستیابی، عمارت کی دیکھ بھال اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے مقامی تاریخ اور علاقائی ثقافت سے متعلق کتب کو لائبریری کا حصہ بنانے پر بھی زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مین بازار، پارک اور سرکاری ہسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران بازار میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ شہریوں نے اس موقع پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں میں طلبہ و طالبات کی تعداد گنجائش سے زیادہ ہے جبکہ بنیادی سہولیات، کلاس رومز اور اساتذہ کی کمی جیسے مسائل بدستور موجود ہیں جن کو فوری حل کیا جائے۔