غریب مریضوں کے آپریشن بروقت کئے جائیں،خالد لون
گوجرانوالا (سٹی رپورٹر )سینئر سیاسی رہنما خالد عزیز لون نے کہا ہے کہ میرے شہر کے لوگوں پر رحم کیا جائے ، سول ہسپتال میں مریضوں کو دو سال تک آپریشن کا وقت دیا جانا افسوسناک ہے ، ہسپتال انتظامیہ مریضوں کو کہتی ہے کہ ہمیں سٹاف اور آپریشن تھیٹر کی کمی کا سامنا ہے جبکہ ہم نے 4 آپریشن تھیٹر بنا کر دئیے تھے مگر بدقسمتی سے انہیں غیر فعال کر دیا گیا ۔ سٹاف کی کمی پرگوجرانوالا کے شہریوں کوآپریشن سے محروم کرنا اور نجی ہسپتالوں میں جانے پر مجبور کرنا اوراس اہم مسلے پر مسلم لیگ ن کی پراسرار خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔
پی ٹی آئی دور میں عوام کو ملنے والے صحت کارڈ بھی بند کر دیئے گئے ہیں جس سے لاکھوں شہری علاج معالجے سے محروم ہورہے ہیں ۔شہر کے غریب مریضوں پر رحم کیا جائے اور انکے بروقت آپریشن کئے جائیں ،عام آدمی کیلئے پہلے ہی مہنگائی پردو وقت کی روٹی پوری کرنا چیلنج بن چکا ہے وہ پرائیوٹ ہسپتالوں میں آپریشن کیسے کرا سکے گا، مسلم لیگ کی قیادت خواب غفلت سے جاگے اور آپریشنزکیلئے سٹاف مہیا کرنے کامعاملہ وزیر صحت کے سامنے رکھے ۔