کامونکے :کھلے مین ہولز کور ‘نالوں پر سلیبی رکھنے کی ہدایت
کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا دورہ ، ای بزنس سنٹر ، کمیونٹی پارک میں سہو لیات کا جائزہ
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)کمشنر نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کامونکے کا دورہ کیا ،انہوں نے ای بزنس سینٹر ڈیسک(تحصیل و میونسپل کمیٹی دفتر) کامونکے ، جی ٹی روڈ، پیرا فورس سائٹ پر زیر تعمیر تحصیل سٹیشن، کمیونٹی پارک کامونکے اور سادھوکے کا دورہ کیا۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ای بزنس پورٹل اور تحصیل و میونسپل کمیٹی دفتر میں قائم ای بزنس ڈیسک کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کاروباری عمل، نقشہ جات کی سہولیات، درخواستوں کی پروسیسنگ اور عوامی سہولت کے معیار کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر آفس سے ملحقہ پیرا فورس سائٹ پر زیرِ تعمیر تحصیل سٹیشن کا معائنہ کیا۔
انہوں نے دورہ کے موقع پر سادھوکے زیر تعمیر نالے اور جی ٹی روڈ پر اوپن ڈرینز کا معائنہ کیا، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر زرغونہ خالد اور شادی ہال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ دھند کے موسم میں اوپن مین ہولز، نالوں کی غائب سلیبز حادثات کا سبب ہوسکتے ہیں بلخصوص بچوں کے گرنے کا اندیشہ زیادہ ہے ۔تحصیل انتظامیہ ایسے تمام مقامات کی نشاندہی کرے اور بروقت احتیاطی و حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے تاکہ انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سیوریج و صفائی کے امور کا بھی جائزہ لیا ۔